نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 13رکنی وفد کی سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ سے ان کے دفتر میں ملاقات

لاھور(سپرسیون نیوز ) حاجی آصف کرائم رپورٹر *
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے13رکنی وفد نے سی سی پی او آفس کا دورہ کیا۔ وفد میں 36واں سینئر مینجمنٹ کورس کرنے والے افسران شامل تھے۔ افسران کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، فارن سروس، صوبائی سول سروس، پولیس اور دیگر محکموں سے تھا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے وفد نے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر وفد کو لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت، کارکردگی،جرائم کی روک تھام، پبلک سروس ڈیلیوری اور دیگر ذمہ داریوں سے آگاہ کیا گیا۔ وفد نے پولیس ورکنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور پیشہ ورانہ چیلنجز سے متعلق سوالات کئے۔
سی سی پی او لاہور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ2017ء سے 2023ء کے تمام پینڈنگ مقدمات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ لاہور کے تھانوں میں نامزد ملزمان کا ایک بھی کیس پینڈنگ نہیں ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ لاہور پولیس کے موثر اقدامات سے 15کرائم کالز ڈیٹا کے مطابق جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور جدیدٹیکنالوجی کے استعمال سے کرائم کنٹرول میں مدد ملی ہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں جامع اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں، جن کے تحت لاہور کے تمام تھانوں کو اپ گریڈ کر کے عالمی معیار کے ماڈل پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید وسائل کی فراہمی، ماڈرن ٹریننگ اور عوامی خدمت کو فورس کا شعار بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت شہریوں کوبہترین خدمات کی فراہمی جاری ہے۔
سی سی پی او لاہور وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے لئے علاج معالجہ، بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن،رہائش گاہوں اور بچیوں کی شادی سمیت ویلفیئر کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے سائلین کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نوکری نہیں عوامی خدمت پر مبنی ایک لائف سٹائل ہے۔ وفد نے لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر سی سی پی او لاہور نے وفد کے سربراہ کو یادگاری سونیئر بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر، ایس پی (سکیورٹی)عبدالوہاب بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭







