
لاہور: (سپرسیون نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مقید حریت قیادت کی اپیل پر کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔بھارت نے 27اکتوبر1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریح خلاف ورزی کی بھارت نے اس روز علاقے میں فوج کشی کرکے مسلم اکثریتی ریاست پرجبری قبضہ کیا۔
مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، بارہمولہ کے علاقے گلمرگ کے بوٹا پتھری میں بھارتی فورسز کا آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے، آپریشن میں ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے، ضلع گاندربل کے مختلف علاقوں میں آپریشن کا ساتواں دن ہے،
جموں خطے کے ضلع ریاسی کے جنگلات میں بھی تلاشی آپریشن جاری ہے، ضلع سامبا کے رام گڑھ سیکٹر میں بھی قابض بھارتی فوج کا آپریشن جاری ہے، کارروائیوں کے دوران اب تک درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا، بھارتی فوجی گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔
حریت رہنماﺅں اور تنظیموں کے بیانات میں 27 اکتوبر کو جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن قرار دیا گیا ہے، حیریت رہنما مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے سے کشمیری کی شناخت خطرے میں ہے۔
حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارتی جبری قبضے کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں، کشمیری بھارتی جبر کے باوجود اپنے حق مزاحمت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔




