بہت سے لوگ اپنی کامیابی کی حسرت اپنے دل میں لیے اس فانی دنیا سے کوچ کر جاتے ہیں

’’ بہت سے لوگ اپنی کامیابی کی حسرت اپنے دل میں لیے اس فانی دنیا سے کوچ کر جاتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ یہ اکثر اس لیے ہوتا ہے کہ ان کے دل میں زندہ رہنے کی خواہش پہلے ہی پیدا ہو چکی ہوتی ہے، لیکن اس سے پہلے کہ انہیں اس کے متعلق علم ہو، وقت گزر چکا ہوتا ہے۔‘‘
کامیابی کا آغاز کرنے کے لیے کوئی مخصوص وقت مقرر نہیں ہے۔ اگر آپ علم نجوم پر یقین رکھتے ہیں، اور اپنی شادی، اپنی دکان کھولنے، ایک نئی منصوبہ بندی کرنے ، سیر و تفریح کرنے کے لیے کسی ماہر فلکیات سے ایک نیک ساعت یا تاریخ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر تو ٹھیک ہے۔ بصورت دیگر اگر آپ کو ستاروں کی چالوں پر یقین نہیں ہے بلکہ اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں پر یقین ہے تو پھر کامیابی کا آغاز کسی وقت بھی بلکہ ابھی سے کر سکتے ہیں۔ مزید برآں جیسے بھی حالات ہوں یہ انتظار نہ کریں کہ کامیابی اور نیک شگونی کی علامت کے اظہار کے طور پر بارہ فاختائیں آپ کے گھر کی چھت پر اکٹھی ہوں تو پھر اپنی کامیابی کے لیے سعی و کوشش کا آغاز کریں بلکہ ابھی اور اسی وقت جست لگائیے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے تگ و دو شروع کر لیجیے۔ اگر آپ عوامی مقرر بنا چاہتے ہیں؟ بہت خوب۔ اپنے اس مقصد کے حصول کے لیے مقامی سکول ، کلب یا لائبریری میں تقریر کرنے کا موقع حاصل کیے۔ اس موقع کے لیے ایک مناسب تاریخ بھی حاصل کر لیجے تا کہ آپ کو تقریر کے اہم نکات کے حوالے سے مختلف قسم کی تحقیق کے لیے وقت اور مہلت مل سکے اور آپ اپنی تقریر کو الفاظ کا روپ دے سکیں۔ اگر پھر بھی آپ کو تشنگی محسوس ہو تو پھر کسی ماہر مقرر سے اس فن کے متعلق ضروری ہدایت اور مہارت حاصل کرلیں۔
اگر آپ کی خواہش ہے کہ آپ ریستوران سے منسلک کا روباری سرگرمیاں اختیار کر لیں تو پھر کسی اچھے اور مشہور ریستوران میں ملازمت حاصل کرلیں اور اس کاروبار کے رموز سیکھنا شروع کر دیں۔ اگر آپ کھانا پکانے میں مہارت حاصل کر کے خانساماں کی ملازمت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر کھانا پکانا سیکھانے والے کسی ادارے میں داخلہ لے لیجیے یعنی فورا عملی اقدم اٹھائیے اور اپنے مقصد کے حصول کے لیے فوری طور پر کوشش اور دوڑ دھوپ شروع کر دیجیے جس بیٹے یا کاروبار کا آپ آغاز کرنا چاہتے ہیں، ضروری نہیں کہ اس کے متعلق آپ کو ہر چیز کا علم ہو، اس لیے اپنے مقصد کے تکمیل کے لیے کوشش اور جدو جہد کا آغاز کر دیجیے، آپ خود بخود دیکھتے اور مہارت حاصل کرتے جائیں گے۔
’’ پہلے آپ پہاڑی پر چھلانگ لگائیے، پھر دوسری طرف جانے کے لیے آپ کو پر لگ جائیں گے۔‘‘ (رے بریڈ بری)
اس مرحلے اور موقع پر مجھے غلط نہ مجھے۔ میں تعلیم ، تربیت اور مہارت کے حصول کا بہت بڑا حمایتی ہوں۔ اگر آپ کو مزید تربیت کی ضرورت ہے تو پھر اسے کہیں سے بھی حاصل کر لیجیے ممکن ہے کہ یہ تربیت حاصل کرنے کے لیے آپ کو کسی شفیق مربی اور اتالیق کی ضرورت پیش آئے۔ اگر یہی صورت ہے تو پھر آپ اپنے لیے ایک اتالیق تلاش کر لیں۔ اگر آپ خوفزدہ ہیں تو پھر کچھ نہیں ہو سکتا۔ لہذا خوف کا سامنا کرتے ہوئے اپنے مقصد کی تکمیل کے لیے عملی قدم اٹھائیے۔ اصل گر اور تیر بہدف نسخہ یہ ہے کہ آپ اپنے لیے کامیابی کا آغاز ابھی سے کر ڈالیں۔ مکمل تیاری کرنے کا انتظار مت کریں۔ آپ کبھی بھی مکمل تیاری نہیں کر سکتے لہذا جس قدر بھی تیاری آپ کر سکتے ہیں کریں اور کامیابی کے لیے قدم آگے بڑھادیجیے۔ میں نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز تاریخ کے ایک استاد کی حیثیت سے کیا۔ جب میں پہلے دن کمرہ جماعت میں گیا تو مجھے تدریس کا اس قدر تجربہ نہ تھا اور مجھے اس کمرہ جماعت ، موثر ، نظم و ضبط ، طالبعلموں کی طرف سے تنقیدی سوالات اور رویوں اور نالائق طالبعلموں کو تعلیم وعلم کی طرف راغب کرنے کے ضمن میں مجھے ابھی بہت کچھ سیکھنا تھا لیکن اپنی اس کم عملی اور نا تجربہ کاری کے باوجود مجھے کسی نہ کسی طرح اپنے کام کا آغاز کرنا ہی تھا اور پھر تدریسی مراحل کے دوران میں نے ان سب امور کے متعلق علم معلومات اور آگاہی حاصل کر لی۔
عام طور پر ایک پیشہ ور شخص اپنے پیشے کے دوران زندگی بھر کچھ نہ کچھ سیکھتا رہتا ہے اور یہ امر بھی حقیقت کے قریب ترین ہے کہ انسان اپنی ملازمت یا کاروباری امور کو انجام دیتے ہوئے بہت سے اہم امور اور مہارتوں کے متعلق علم معلومات اور آگاہی حاصل کر لیتا ہے۔ جب آپ کسی بھی کام کا آغاز کرتے ہیں تو آپ کو اپنے کام، اپنی کار کردگی کے متعلق معلومات حاصل ہو جاتی ہیں کہ آپ اپنے کام کو درست طور پر سر انجام دے رہے ہیں یا اس میں کسی بھی قسم کی کوئی غلطی ہے۔ اگر آپ نا کامی کے خوف غلطی کی ڈانٹ یا دفتری ساتھیوں کے تنقیدی رویے کے باعث اپنا کام سرانجام دینے کا آغاز نہیں کرتے تو پھر آپ کو یہ کیسے معلوم ہوگا کہ آپ اپنے کام کو درست طور پر انجام دے رہے ہیں یا نہیں؟ اور اس طرح آپ اپنے کام میں بہترین اور اصلاح لانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔
جب آپ پہلی دفعہ اپنے کاروبار کا آغاز کرنا چاہتے ہیں تو پھر اپنے کاروبار کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی تحریری شکل میں لے آئیے اور کسی ماہر فرد سے اس میں اصلاح کے لیے رابطہ کیجیے۔اصلاح کے بعد آپ دوبارہ اس منصوبہ بندی کو ایک بہتر تحریری شکل میں لے کر آئیے۔ اگر آپ کے پاس مالی وسائل کافی ہیں تو پھر ٹھیک ہے، اور نہ کسی بھی مالی ادارے سے قرضے کا بندوبست کر لیجیے، اور اپنے اس کا روبار کا فوری آغاز کر دیجیے۔ جب آپ عملی طور پر اس کا روبار کا آغاز کریں توآپ کو کاروباری رموز اور اونچ نیچ کا علم ہوتا جائے گا اور آپ مستقل طور پر کامیابی کی طرف گامزن ہو جائیں گے۔
مزید برآں اگر آپ اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تو پھر ادھر ادھر کے لوگوں کی باتوں پر کان نہ دھریں جو آپ کو آپ کے مقصد سے بھٹکانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ کاروبار آپ کے لیے زندگی و موت کا سوال ہے ان کے لیے نہیں۔ آپ ان لوگوں سے دور رہے اور ان لوگوں سے ملاقات کریں جو آپ کو حوصلہ، ولولہ فراہم کریں اور آپ کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے اخلاقی مددفراہم کریں پھر آپ کے سامنے اپنے کاروبار میں مدد دینے کے لیے ہر چیز سامنے آتی جائے گی کیونکہ آپ خطرہ مول لے کر میدان عمل میں کود جانے کے لیے تیار ہیں۔ اس لیے آپ جہاں کہیں بھی ہیں، جس مقام پر بھی ہیں، عملی اقدام اٹھائے اور آپ اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق کامیابی حاصل کر لیں گے۔


