اہم خبریںپاکستان

ایران کو پُرامن مقاصد کیلئے جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ایران کو پُرامن مقاصد کیلئے جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مسعود پزشکیان بطورایرانی صدر پہلی مرتبہ پاکستان کےدورے پر آئے ہیں، ان کے ساتھ باہمی روابط، تعلقات، بھائی چارے، مذہبی اور جغرافیائی امور سمیت دیگر معاملات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا جون میں اسرائیل نے بغیر کسی وجہ کے ایران کے خلاف جارحیت کی، پاکستان اور یہاں کے عوام نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا آج ایران کے ساتھ کئی ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں، خواہش ہے بہت جلد یہ معاہدوں کی شکل اختیار کریں، ایران اور پاکستان نے 10 ارب ڈالرز کی تجارت کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو پُرامن مقاصد کیلئے جوہری طاقت حاصل کرنے کا پورا حق ہے، پاکستان پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حصول کے ایرانی مؤقف کے ساتھ کھڑا ہے، اچھے وقت میں سب دوست ہوتے ہیں، اصل دوست وہ ہوتا ہے جوبرے وقت میں ہاتھ تھامے۔

غزہ میں مظالم کیخلاف مہذب دنیا کو بھرپور آواز اٹھانی چاہیے: وزیراعظم پاکستان
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے ایرانی بھائیوں اور جرنیلوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہیں، کسی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے غزہ میں فوری سیز فائر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں تاحال اسرائیلی بربریت جاری ہے، غزہ میں نومولود بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، خواتین اور جوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا غزہ میں مظالم کے خلاف مہذب دنیا کو بھرپور آواز اٹھانی چاہیے، دنیا کو غزہ میں امن کے لیے متحد ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی غزہ سے مختلف نہیں ہے، ایرانی قیادت نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے بھرپور آواز اٹھائی، پاکستان نے بھی ہر فورم پر فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھائی۔

پاکستان اورایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پرمبنی ہیں: ایرانی صدر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بہترین مہمان نوازی پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہیں، عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے، پاکستان اورایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پرمبنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، دو طرفہ تعلقات کومختلف جہتوں میں آگے بڑھارہےہیں، مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سرحدی سکیورٹی کوبہتربنانے کے لیے دو طرفہ تعاون جاری ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا علاقائی امن اور ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اسرائیل خطے کو عدم استحکام کا شکارکرنےکے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
قبل ازیں ایران کے صدر مسعود پزشکیان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھر برادر اسلامی ملک کے صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی جبکہ ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button