سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل ارشد روف کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی.

لاھور(سپرسیون نیوز ) حاجی آصف کرائم رپورٹر
لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل ارشد روف کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(او سی یو) عمران کشور،ڈی آئی جی (آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال، ایس پی (سکیورٹی)عبدالوہاب، ایس پی(ہیڈ کوارٹرز)زنیر چیمہ اور سینئرافسران نے نماز جنازہ ادا کی۔ تھانہ اسلام پورہ میں تعینات کانسٹیبل ارشدروف نے سنت نگر کے علاقے میں محافظ ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائی میں فائرنگ کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔
سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل ارشد روف کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پرارشدروف کی روح کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل ارشد روف کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہید کانسٹیبل ارشد روف کا تعلق شاہدرہ، ونڈالہ روڈ لاہورسے ہے۔کانسٹیبل ارشد روف نے2016ء میں محکمہ پولیس جوائن کیا،شہید کے لواحقین میں چار بہنیں اور تین بھائی شامل ہیں۔لاہور پولیس کے338پولیس افسران و اہلکاروں نے فرض کی راہ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل ارشد روف کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے شہید کانسٹیبل ارشد روف کے قاتلوں کوجلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔بلا ل صدیق کمیانہ نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے افسران واہلکار محکمہ پولیس کا شان ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف نے اپنی جان کی قربانی دے کر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایاہے۔سی سی پی ا ولاہور نے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی جرات و بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ محکمہ پولیس نے شہدا ء کے ورثا کی دیکھ بھال کو ہمیشہ اولیت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف کے اہل ِ خانہ کی ویلفیئرمحکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید کانسٹیبل ارشد روف کے اہل خانہ کی ویلفیئر کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
٭٭٭٭٭






