
پاکپتن بیورو چیف سپر سیون نیوز(محمد ندیم،ایچ ڈی محمد طارق چوہان) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو پاکپتن کیپٹن (ر) زخرف فدا ملک نے ڈپٹی کمشنر پاکپتن کا اضافی چارج سنبھال کر باقاعدہ طور پر فرائضِ منصبی انجام دینا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد متعلقہ افسران سے ملاقات کی اور جاری امور پر بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) زخرف فدا ملک نے کہا ہے کہ ضلعی سطح پر عوامی سہولیات، نظم و نسق، ترقیاتی منصوبہ جات اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور ٹیم ورک کے ساتھ ذمہ داریوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
پاکپتن بیورو چیف سپر سیون نیوز(محمد ندیم،ایچ ڈی محمد طارق چوہان) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) زخرف فدا ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع بھر میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مریضوں کو علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے دورہ کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، چلڈرن وارڈ اور مدر اینڈ چائلڈ بلاک کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجہ، ادویات، صفائی اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر حافظ احسن کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ہسپتال میں آنے والے ہر مریض کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کے مسائل کے فوری حل کو ترجیح دی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی سطح پر صحت کے شعبہ میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں۔






